Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

چُربندن بی ایچ یو میں طبی سہولیات کی کمی دور کرنے کی یقین دہانی، ضروری اقدامات جلد کیے جائیں گے

گوادر: چُربندن کے بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) میں طبی سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کے حل کے لیے پی پی ایچ آئی حکام نے ضروری اقدامات جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

اس حوالے سے قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے پرسنل اسسٹنٹ وسیم صمد نے پی پی ایچ آئی کے ذمہ دار ڈاکٹر منیر سے ملاقات کی، جس میں ضلع گوادر کے بنیادی مراکز صحت کی مجموعی صورتحال اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وسیم صمد نے اپنے حالیہ دورہ چُربندن کے موقع پر بی ایچ یو میں سامنے آنے والے مسائل، ضروری طبی سہولیات کی کمی اور عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ مرکز صحت میں بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر ڈاکٹر منیر نے یقین دہانی کرائی کہ چُربندن بی ایچ یو میں جلد ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وسیم صمد نے ضلع گوادر کے دیگر بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں، جس پر ڈاکٹر منیر نے بتایا کہ تمام بی ایچ یوز فعال ہیں اور ان کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کسی بھی مرکز میں سہولیات کی کمی کی نشاندہی ہونے پر اسے دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

وسیم صمد نے بنیادی مراکز صحت کو فعال رکھنے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پی پی ایچ آئی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ چُربندن سمیت ضلع بھر کے مراکز صحت میں سہولیات کی مزید بہتری یقینی بنائی جائے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More