Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

عاصم منیر کا خیبر پختونخوا میں امن برقرار رکھنے کا عزم، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اہم اعلان

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے عزم کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے بہادر صفِ اول کا دستہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف پولیس کی ثابت قدمی اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ کرنے اور خیبر پختونخوا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More