Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

کوئٹہ: کیسکو انٹرویوز میں بد نظمی، امیدوار سڑکوں پر نکل آئے، ریلوے ٹریک بلاک

 کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے تحت بھرتیوں کے لیے منعقدہ واک اِن انٹرویوز میں امیدواروں کا غیر معمولی رش انتظامی مسائل کا سبب بن گیا، انٹری بند ہونے پر امیدواروں نے احتجاج شروع کر دیا۔

بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) بلیلی روڈ میں آج ہونے والے انٹرویوز کے لیے امیدواروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، تاہم رش بڑھنے پر انتظامیہ نے داخلہ روک دیا، جس پر مشتعل امیدواروں نے قریبی سڑک اور ریلوے ٹریک بلاک کر دیا۔

احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ ٹرین سروس بھی معطل ہو گئی۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ وہ صبح سے انٹرویو کے لیے قطاروں میں موجود ہیں، لیکن انہیں انٹرویو مقام کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

واضح رہے کہ کیوایسکو نے بلوچستان بھر میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی 2 ہزار 798 آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا تھا، جن کے لیے 20 نومبر کو واک اِن انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا۔

دوسری جانب گوادر میں بھی امیدواروں کے غیر معمولی رش کے باعث انتظامات متاثر ہوئے تھے، جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر ڈاکٹر عبدالشکور نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انٹرویوز میں تین روز کی توسیع کی درخواست کی تھی۔

انتظامیہ نے امیدواروں سے صبر و تحمل اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام اہل امیدواروں کو انٹرویو کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More