Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور بھارت کے درمیان تہذیبی مکالمہ ناگزیر ہے، مصدق ملک کا نئی دہلی میں اظہارِ خیال

نئی دہلی:  وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے ممالک کے درمیان تہذیبی روابط اور مکالمے کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ تہذیب و تمدن کے موضوع پر کثیرالجہتی مکالمے میں شرکت پاکستان کے لیے ایک غیر معمولی موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتیں اور تہذیبیں سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں بلکہ جغرافیائی حدود سے بالاتر ہوتی ہیں۔

مشترکہ تاریخ، جغرافیے اور ثقافتوں پر تبادلہ خیال خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مکالمے کی ضرورت یکسانیت کے لیے نہیں بلکہ تنوع کو سمجھنے اور تسلیم کرنے کے لیے ہوتی ہے۔ پاکستان، بھارت، روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان قدیم تہذیبی روابط موجود ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ آثار قدیمہ کی کھدائیوں سے خطے کی مشترکہ تہذیبوں اور تاریخی روابط کے شواہد ملتے ہیں، جبکہ ایس سی او کا تہذیبی مکالمہ فورم ان مشترکہ ورثوں پر گفتگو کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تہذیبی روابط اور مکالمے کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More