نادرا سنٹر میں شہریوں کو 10 سے 15 منٹ میں باری ملنے لگی، محسن نقوی کا دورہ، انتظامات پر اظہارِ اطمینان
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے نادرا سنٹر میں تقریباً دو گھنٹے گزارے اور شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے بعض شہریوں کی دستاویزات کی تیاری کا عمل بھی اپنی نگرانی میں مکمل کرایا۔
سنٹر میں موجود مرد و خواتین نے نادرا کے طریقہ کار اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں صرف 10 سے 15 منٹ میں باری مل گئی اور انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑی، جبکہ دو سال قبل انہیں شناختی دستاویزات کے لیے دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے رش کے باوجود شہریوں کے لیے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے سنٹر انچارج اور عملے کو شاباش دی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ہر موقع پر مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ انہیں معمولی امور کے لیے بار بار نادرا سنٹر نہ آنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ نادرا سنٹر پیکو روڈ پر شہریوں کا فیڈ بیک انتہائی مثبت رہا ہے، عوام کو تیز رفتار اور بہترین خدمات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔