کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں قائم تمام ٹیوب ویلوں کا ازسرنو جامع سروے کرانے کا حکم دے دیا، جبکہ ٹیوب ویلوں کی مجموعی تعداد اور قانونی حیثیت سے متعلق نامکمل رپورٹ مسترد کر دی۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی رپورٹ کا جائزہ لیا، جس کے مطابق شہر میں موجود 295 ٹیوب ویلوں میں سے صرف 68 کے پاس این او سی موجود ہے، جبکہ 227 ٹیوب ویل بغیر این او سی کے کام کر رہے ہیں۔
عدالت نے سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کو غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی نشاندہی کے لیے مؤثر ٹیم تشکیل دینے اور مکمل سروے کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں کی تحقیقات ڈپٹی کمشنرز کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کے سپرد کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا۔
سماعت کے دوران بی واسا حکام نے عدالت کو بتایا کہ نجی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی بی واسا کی تقریباً 80 فیصد پائپ لائنیں منقطع کی جا چکی ہیں۔
حکام کے مطابق اختر آباد ڈیم کے قریب قائم پانچ ٹیوب ویل بجلی، پائپ لائنوں اور دیگر تعمیراتی کاموں کی عدم تکمیل کے باعث تاحال غیر فعال ہیں، جبکہ سجاول آباد کے چار ٹیوب ویلوں سے ہزارہ ٹاؤن کے آبی ذخائر کو پانی فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
عدالت کو مزید بتایا گیا کہ خرخسہ ڈیم کے اطراف قائم نو ٹیوب ویلوں سے ہزارہ ٹاؤن کے مشرقی اور مغربی علاقوں کو متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے سات بلاکس کو پانی کی فراہمی غیر باقاعدہ اور محدود ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے خستہ حال پائپ لائنوں کی فوری مرمت اور تبدیلی کا حکم دیتے ہوئے بی واسا کے متعلقہ انجینئر کو تمام ضروری کام بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو کوئٹہ اور گردونواح میں مستقبل کی آبی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر 2026 تک ملتوی کر دی۔