کوئٹہ کے علاقے لوہڑ کاریز میں ریلوے پٹڑی کو نقصان پہنچا کر کوئٹہ کا پاکستان کے دیگر علاقوں سے ریل رابطہ منقطع کرنے کی مذموم کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
لوہڑ کاریز کے قریب ریلوے ٹریک کے نٹ اور کلپس کھول کر نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق، ریلوے پٹڑی کی نگرانی پر مامور اہلکاروں نے معمول کے گشت کے دوران ٹریک کے بعض حصوں میں غیر معمولی صورتحال دیکھی اور فوری طور پر اعلیٰ حکام کو مطلع کیا۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور ملزم ظہیر احمد ولد مولا بخش کو حراست میں لے لیا۔ ملزم کے قبضے سے ریلوے پٹڑی سے اتارے گئے نٹ، کلپس اور دیگر ہارڈ ویئر کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی معائنے سے انکشاف ہوا ہے کہ ٹریک کے مختلف مقامات پر نٹ اور کلپس کھولے گئے تھے تاکہ ٹرینوں کی آمدورفت کو معطل کیا جا سکے۔ واقعے کے بعد ریلوے ٹریک کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تاکہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس سلسلے میں تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایف آئی آر نمبر 183/2026 کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس اس گھناؤنے فعل میں ملوث دیگر ممکنہ شرپسندوں کی تلاش بھی کر رہی ہے۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ ریلوے ٹریک اور دیگر اہم قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس سازش کے پس پردہ تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔