راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاک سعودی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اچانک وجود میں نہیں آیا بلکہ پاکستانی افواج مختلف شعبوں میں دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں۔
پاکستانی افواج دہائیوں سے سعودی عرب میں موجود ہیں؛ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے غیر جانبدار ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں
امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس معاہدے کے تمام اثرات اور عملی کارروائیاں خالصتاً دفاعی نوعیت کی ہوں گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آپریشنل کمانڈرز فیصلہ کریں گے کہ کون سا دستہ کس انداز میں بھیجا اور استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے اس معاہدے کو خطے کے استحکام کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے سیکیورٹی چیلنجز کے پیشِ نظر یہ اتحاد کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنانے کی مشترکہ قوت ثابت ہوگا۔
معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ تمام فریقین پر حملہ تصور کیا جائے گا، جس سے مذموم مقاصد رکھنے والے عناصر کو کارروائی سے پہلے سو بار سوچنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد کسی کو دوست یا دشمن قرار دینا نہیں بلکہ سعودی عرب کا دفاع کرنا ہے، اور ہر قیمت پر اس کا دفاع کیا جائے گا۔
امریکا اور ایران کے درمیان تنازع سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے ایک دیانت دار اور غیر جانبدار ثالث کے طور پر ہمیشہ
امن کے لیے کردار ادا کیا ہے اور اب بھی کر رہا ہے۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ یہ تنازع مزید نہ پھیلے۔ انہوں نے تمام عالمی اور علاقائی شرکاء پر زور دیا کہ جنگ کے پھیلاؤ میں کسی کا فائدہ نہیں ہے، اس لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی پرامن حل نکالا جانا چاہیے۔