مینا مجید بلوچ کا خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی حمایت کا اعلان: امن و امان اور آئین کی بالادستی کے لیے وقت کی ضرورت قرار
کوئٹہ: بلوچستان کی صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے فیصلے کی پرزور حمایت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ موجودہ حالات میں یہ اقدام امن و امان کی بحالی، ریاستی رٹ کے قیام اور آئین کی بالادستی کے لیے انتہائی ضروری اور وقت کی اہم مانگ ہے۔
ریاست اور آئین سے بالاتر کوئی نہیں؛ سیاسی مفادات پر قومی سلامتی کو فوقیت ملنی چاہیے: صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان
محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ کوئی بھی رہنما، سیاسی جماعت یا قیادت آئین، قانون اور ریاست سے بالاتر نہیں ہو سکتی۔ جمہوریت ہر شہری کو اختلافِ رائے کا حق دیتی ہے، تاہم اس حق کی آڑ میں انتشار پھیلانا یا ریاستی رٹ کو چیلنج کرنا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ کسی سیاسی رہنما کی رہائی کی نام پر ہجوم کے ذریعے قانون ہاتھ میں لینا اور سرکاری نظام کو مفلوج کرنا غیر آئینی ہے، جبکہ دنیا بھر کی تاریخ گواہ ہے کہ سیاسی رہنماؤں نے قانونی لڑائی ہمیشہ آئینی فریم ورک کے اندر رہ کر ہی لڑی ہے۔
قومی مفاد اور ریاستی استحکام کو ترجیح
صوبائی مشیر نے خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن و امان کی نازک صورتحال کے تناظر میں وفاقی فیصلے کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر حکومت کی پہلی ذمہ داری ہے۔ جماعتی مفادات اور سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر جب بات پاکستان کی سلامتی اور امن کی آئے تو قومی مفاد کو ہر چیز پر فوقیت ملنی چاہیے، اور اسی میں تمام سیاسی قیادت کا حقیقی امتحان ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے کے پی میں پائیدار امن، ریاستی نظم و نسق اور قانون کی حکمرانی کو تقویت ملے گی
[…] کے مطابق کمیٹی خیبرپختونخوا میں گورننس، روزمرہ انتظامی امور اور امن و امان کی […]