کوئٹہ: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور گاڑی کے خفیہ خانوں سے 60 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔
اے این ایف کی سونا خان چوک کے قریب کارروائی، ایمبولینس کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد، بین الصوبائی اسمگلنگ گروہ کا مبینہ اہم کارندہ گرفتار۔
اے این ایف کے مطابق کارروائی سونا خان چوک کے قریب کی گئی، جہاں ایمبولینس میں چھپائی گئی منشیات برآمد کرکے بین الصوبائی اسمگلنگ گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کرلیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات مستونگ سے کوئٹہ منتقل کی جارہی تھیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم ہیں، کیونکہ اس کے پھیلاؤ سے نوجوان نسل اور عوام کی زندگیاں متاثر ہوتی ہیں۔