Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

مستونگ میں بجلی، گیس اور راستوں کی بندش کے خلاف احتجاج، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دھرنا

مستونگ: بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، سوئی گیس پریشر کی عدم فراہمی اور اہم شاہراہوں کی بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے ڈی سی ہاؤس کے سامنے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک کرکے دھرنا دے دیا۔

احتجاجی دھرنا دو گھنٹے سے جاری ہے، جس میں خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ دھرنے میں نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور تاجر برادری کے رہنما بھی موجود ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ شدید سردی کے باوجود سوئی گیس کا پریشر مکمل طور پر غائب ہے، جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ اور ٹو فیز بجلی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

احتجاجی شہریوں نے بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے، سوئی گیس کا پریشر فوری بحال کرنے اور میجر چوک، فیض آباد روڈ سمیت دیگر بند راستوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کے مطابق مذکورہ راستے گزشتہ چار ماہ سے بند ہیں، جس کے باعث متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔

دوسری جانب مظاہرین سے اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی اور کیسکو حکام نے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More