Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

یمن: حوثیوں کے میزائل حملے میں 53 سے زائد افراد ہلاک، 200 سے زیادہ زخمی

 صنعا: یمن کے صوبے شبوا میں حوثی جنگجوؤں کے تین بیلسٹک میزائل حملوں کے نتیجے میں 53 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ حملوں میں سرکاری فورسز کے زیر استعمال فوجی تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شبوا میں واقع العلم فوجی کیمپ پر میزائل حملے کیے گئے، جہاں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والے فوجی اور سکیورٹی اہلکار موجود تھے۔

یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حوثیوں نے تربیتی کیمپ پر تین بیلسٹک میزائل داغے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوئے تھے، تاہم بعد میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 53 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی۔

حکام کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث مقامی اسپتالوں میں طبی سہولیات پر دباؤ بڑھ گیا، جس کے بعد شدید زخمیوں کو علاج کے لیے دیگر صوبوں میں منتقل کیا گیا۔

ایک فوجی ذریعے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حملہ حوثیوں کی ممکنہ زمینی کارروائی کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے۔ ادھر حوثی جنگجوؤں کی جانب سے شبوا کو اپنے زیر قبضہ صوبے البیضا سے ملانے والی سڑک بند کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے علاقے میں آمدورفت متاثر ہوئی۔

یمن میں حوثی جنگجوؤں اور حکومت کی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان کشیدگی میں اضافے نے ملک کی سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ بنا دی ہے، جبکہ بحیرہ احمر اور باب المندب کے قریب علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھ رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More