نوشکی: انجمن تاجران کے وفد نے سید احمد شاہ کلانی، مولوی عبدالواحد ساسولی، ٹکری احمد جان مینگل، ممتاز احمد مینگل، عبدالمالک مینگل اور ارباب صفی کی قیادت میں ڈی ایس پی جہانذیب حبیب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایچ او سٹی تھانہ منور زمان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں تاجر رہنماؤں نے نوشکی بازار میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایس پی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ رات کے اوقات میں بازار کے اندر پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ تاجروں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی جہانذیب حبیب نے وفد کو یقین دلایا کہ پولیس علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے امن کے قیام اور فرائض کی انجام دہی کے دوران بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ کئی جوان فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔
ڈی ایس پی نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے انجمن تاجران سمیت شہریوں پر زور دیا کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور امن کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چوری اور ڈکیتی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس متحرک ہے اور تاجروں کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے رات کے اوقات میں بازار میں پولیس گشت بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔