نوشکی: ڈپٹی کمشنر نوشکی جار اللہ کاکڑ کی ہدایات پر خواتین کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محسن لاشاری نے کی۔
کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر نعیم قاسم شاہوانی، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور نوشکی شہر سمیت گردونواح سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خواتین نے بلاجھجک اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ان میں ہنرمند خواتین کو سلائی مشینوں کی فراہمی، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے کوٹے میں اضافہ، مختلف کلیوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث طلبہ و طالبات کی تعلیم متاثر ہونے اور دستکاری مرکز کی زیرِ تربیت طالبات کے گزشتہ دو سال سے بند وظائف کے مسائل شامل تھے۔
کھلی کچہری کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) حیات خان نے بھی خواتین کے سوالات سنے اور انہیں پروگرام کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ خواتین نے پروگرام سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات دیے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محسن لاشاری نے خواتین کی شکایات غور سے سنیں اور بعض مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ضروری احکامات جاری کیے۔
خواتین سے خطاب کرتے ہوئے محسن لاشاری نے کہا کہ خصوصی کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد خواتین کو اپنے مسائل براہِ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کرنے اور شکایات کے ازالے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ، فلاح و بہبود اور مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین بلاجھجک اپنے مسائل اور شکایات پیش کریں، انتظامیہ ان کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کے تعاون سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ انہیں اپنی شکایات براہِ راست ضلعی انتظامیہ تک پہنچانے اور ان کے ازالے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم میسر ہو۔
[…] نوشکی: نوشکی گرلز کالج میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 طالبات زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ […]