عالمی یومِ ترقیاتی معلومات: ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے دنیا کو گلوبل ویلیج میں تبدیل کر دیا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے عالمی یومِ ترقیاتی معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی تاریخ میں زرعی، صنعتی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلابات نے انسانی زندگی، معاشرتی ڈھانچے، معیشت اور سیاسی روابط پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، جبکہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے دنیا کو ایک گلوبل ویلیج میں تبدیل کر دیا ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث انسانوں کے درمیان طویل فاصلے سمٹ گئے ہیں اور ہر قسم کی معلومات تک رسائی صرف ایک کلک کی دوری پر رہ گئی ہے۔
بلوچستان میں 12 سرکاری یونیورسٹیوں، 16 کیمپسز اور 140 سے زائد بوائز و گرلز کالجز کے ذریعے صوبے کے عوام کو تیزی سے بدلتی دنیا کے ساتھ منسلک کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے دنیا بھر کے مناظر، آوازوں، تخلیقی سرگرمیوں اور تحقیقی علم و معلومات کو ایک چھوٹے سے موبائل فون میں سمو دیا ہے۔ جدید موبائل فون میں دنیا کی بڑی بڑی لائبریریوں سے بھی زیادہ کتابیں محفوظ کی جا سکتی ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے بلکہ ترقیاتی ضروریات کو سمجھنے، مسائل کی نشاندہی کرنے اور ان کے مؤثر حل تلاش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ عالمی یومِ ترقیاتی معلومات منانے کا بنیادی مقصد اہم معاشی اور سماجی ترقیاتی چیلنجز کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا اور عوام کو ان مسائل سے آگاہ کرنا ہے جو پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا، رائے عامہ کو متحرک کرنا اور معاشی و سماجی مسائل کے حل میں شہریوں کی بامعنی شرکت یقینی بنانا ضروری ہے۔ موجودہ دور میں ڈیجیٹل خواندگی، درست معلومات تک رسائی اور ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔
گورنر بلوچستان نے مزید کہا کہ عالمی ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی تعاون، علم و تجربات کا تبادلہ اور درست معلومات کی بروقت فراہمی ناگزیر ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) اور روبوٹکس کے ثمرات سے مستفید کرنے کے لیے رہنمائی اور معاونت فراہم کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کو انسانی فلاح، معاشی برابری اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جائے تاکہ ترقی کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچ سکیں۔
[…] پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ لائبریریوں کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں […]
[…] ٹیکنالوجی کی مدد سے مشکوک ٹریڈنگ، اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی، […]