اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاک فوج یا قانون نافذ کرنے والے اداروں تک محدود نہیں بلکہ یہ پوری ریاست اور معاشرے کی مشترکہ جنگ ہے، جس میں سول سوسائٹی، پولیس، بیوروکریسی، سیاستدانوں اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں بلوچستان پولیس کے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز) کی تربیت مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان پولیس کو جدید آلات، معیاری تربیت اور میرٹ پر مبنی پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جہاں سیاسی مداخلت اور دباؤ کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کی تعیناتیوں اور تبادلوں میں میرٹ کو بنیادی اصول بنایا گیا ہے جبکہ یہ فیصلہ بلوچستان پولیس کی قیادت نے کرنا ہے کہ کون سا افسر کس ذمہ داری کے لیے موزوں ہے۔ میرٹ کی بالادستی سے بالخصوص نوجوان نسل کا ریاست پر اعتماد بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران ریاست اور عوام کے خادم ہیں، انہیں دیانت داری، عزت و وقار اور احساس ذمہ داری کے ساتھ شہریوں کی خدمت کرنا ہوگی۔ میرٹ اور پیشہ ورانہ آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ پولیس افسران خود کو عوام سے بالاتر سمجھنے لگیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو مکمل طور پر اے ایریا قرار دیے جانے کے بعد پولیس پر مزید ذمہ داریاں عائد ہوگئی ہیں۔ یہ ایک اہم موقع ہے جس کے ذریعے صوبے میں مؤثر امن و امان قائم کرکے آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور منظم جرائم موجودہ حالات میں بڑے چیلنجز ہیں۔ دہشت گردوں کے چھوٹے گروہ تشدد اور معصوم شہریوں کے قتل کے ذریعے پاکستان کو تقسیم کرنے کے مذموم عزائم رکھتے ہیں، تاہم بلوچستان حکومت اور پولیس اس جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے اور تشدد کا راستہ ترک کرنے والوں کے لیے دروازے کھلے ہیں، لیکن بندوق کے زور پر اپنے نظریات مسلط کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ طاقت کے استعمال کا جائز اور قانونی اختیار صرف ریاست کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے قیام امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وطن عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں پر فخر ہے۔ آنے والے دنوں میں بھی پولیس افسران کو بلا خوف و خطر دہشت گردی کے خلاف صف اول میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور معاشرے میں بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کردار ادا کرے گی۔ صوبائی حکومت پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی۔
اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس کے افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیت کے مواقع فراہم کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے اکیڈمی کے کمانڈنٹ آئی جی پی سعد بھروانہ، تربیت کاروں اور عملے کی خدمات کو بھی سراہا۔
تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تربیت مکمل کرنے والے ڈی ایس پیز میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بہترین پروبیشنر مس قرۃ العین کو اعزازی تلوار (سورڈ آف آنر) سے نوازا گیا۔
تقریب میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، نیشنل پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ سعد بھروانہ، پولیس سروس آف پاکستان، نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو کے افسران اور مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء نے بھی شرکت کی۔