Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے ٹی ڈی اے پی اور بی بی او آئی ٹی میں اشتراک پر اتفاق

 کوئٹہ:   ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے سیکرٹری شہریار تاج نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (بی بی او آئی ٹی) کے دفتر کا دورہ کیا اور وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور خواتین کاروباری شخصیات کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں بی بی او آئی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان اور ٹی ڈی اے پی بلوچستان کے ڈائریکٹر نور علی اچکزئی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر دونوں اداروں کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ویمن انٹرپرینیورز نیٹ ورک (WEXNET) نمائش کو بلوچستان کی خواتین کاروباری شخصیات کے لیے اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط قائم کرنے اور قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا۔

وائس چیئرمین بی بی او آئی ٹی بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کا مؤثر کردار یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ WEXNET جیسی نمائشیں خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی تیار کردہ مقامی مصنوعات کو قومی و عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنا رہا ہے، تاکہ مقامی کاروباری افراد، بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

سیکرٹری ٹی ڈی اے پی شہریار تاج نے کہا کہ بلوچستان میں مقامی مصنوعات اور کاروباری صلاحیتوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ٹی ڈی اے پی صوبے کے کاروباری شعبے، بالخصوص خواتین کاروباری شخصیات کی معاونت، مصنوعات کی تشہیر اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات کے بعد سیکرٹری ٹی ڈی اے پی نے بی بی او آئی ٹی کے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر (بی ایف سی) کا دورہ کیا، جہاں سینٹر کے منیجر جمشید تصدق نے انہیں ادارے کے طریقہ کار، فراہم کی جانے والی سہولیات اور سرمایہ کاروں و کاروباری افراد کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More