کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے محکمہ صحت میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کے نظام کے تحت مسلسل غیر حاضر رہنے والے مزید 72 ڈاکٹروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا، جس کے بعد برطرف کیے جانے والے سرکاری ملازمین کی مجموعی تعداد 200 ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ محکمہ صحت میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے حاضری کی نگرانی کا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے مزید 72 ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے، اس طرح اب تک برطرف ہونے والے ملازمین کی تعداد 200 تک پہنچ گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق سرکاری ملازمین کی حاضری اور نظم و ضبط کے قواعد کی خلاف ورزی پر اب تک تنخواہوں سے مجموعی طور پر 41 کروڑ روپے کی کٹوتی کی جا چکی ہے، جبکہ 11 ہزار ملازمین سے وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے مزید 800 سرکاری ملازمین کے خلاف محکمانہ اور تادیبی کارروائی جاری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور کسی کو گھر بیٹھ کر سرکاری تنخواہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری اداروں میں حاضری، نظم و ضبط اور جواب دہی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
[…] کے پہلے سیشن میں اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان کی سرٹیفکیشن آڈٹ رپورٹ زیر بحث آئی۔ سیکرٹری خزانہ کی […]
[…] بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ […]