کراچی: امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز حصص بازار میں تیزی کی بڑی لہر دیکھی گئی۔
کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس 4 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 76 ہزار 604 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا تھا اور کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 3 ہزار 994 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 72 ہزار 13 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
ادھر ایشیائی حصص بازاروں میں کاروبار کے دوران ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چین کے شینزن کمپوزٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد تیزی دیکھی گئی۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 5 فیصد سے زائد کمی ہوئی، تائیوان کے ایس ای انڈیکس میں 3 فیصد جبکہ جاپان کے نکئی انڈیکس میں ایک اعشاریہ 49 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔