Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

نوجوانوں کو اقبال کے شاہین بنانے کی ضرورت ہے، فکرِ اقبال کردار میں زندہ رکھنا ہوگی: گورنر بلوچستان

 کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں اقبال شناسی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے فلسفے اور افکار سے روشناس کرانے کے ساتھ ان کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظامت ثقافت بلوچستان اور ایرانی کلچرل سینٹر کے اشتراک سے کوئٹہ میں منعقدہ اقبال شناسی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، ایرانی کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل ابوالحسن امیری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ مشرقی تصوف اور مغربی فلسفے کو منفرد انداز میں یکجا کرنا علامہ اقبال کا عظیم فکری کارنامہ ہے۔ ان کے افکار آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اقبال کے فلسفے کو محض پڑھنے کے بجائے اسے اپنے کردار اور عملی زندگی میں بھی اپنائیں۔

گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو علامہ اقبال کے فکری پس منظر اور تصورِ علم سے آگاہ کریں اور ان کی تعلیمات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اقبال کے ایسے شاہینوں کی ضرورت ہے جو صرف سرکاری ملازمتوں کے حصول کو اپنا مقصد نہ بنائیں بلکہ خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیتوں اور بلند عزائم کے ذریعے معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

جعفر خان مندوخیل نے مزید کہا کہ اقبال شناسی کا اصل مقصد ان کے کلام سے آگاہی حاصل کرنا ہی نہیں بلکہ ان کی حقیقی فکر، خودی، خود اعتمادی اور بلند کردار کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہے۔

سیمینار کے انعقاد کا مقصد علامہ اقبال کے فلسفے، افکار اور تعلیمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ نوجوان نسل میں ان کی فکری میراث سے آگاہی اور دلچسپی پیدا کرنا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More