لاہور: پنجاب میں انفراسٹرکچر کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت سامنے آگئی، 2021 میں شروع کیا گیا 128 کلومیٹر طویل للہ جہلم روڈ منصوبہ پانچ سال بعد مکمل کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منصوبے کی تکمیل پر اظہار تشکر کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کی کارکردگی کو سراہا اور جہلم پنڈ دادن خان روڈ کی تعمیر جلد مکمل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ کو منصوبے سے متعلق دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 13 ارب 53 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی یہ شاہراہ پنڈ دادن خان کو للہ انٹرچینج سے منسلک کرے گی۔
بریفنگ کے مطابق دو رویہ سڑک کی چوڑائی 20 سے 24 فٹ سے بڑھا کر 76 فٹ کردی گئی ہے، منصوبے میں دو بائی پاسز سمیت متعدد رابطہ سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں، جبکہ ٹریفک کی بہتر روانی کیلئے سڑک کے اطراف پختہ کنارے بنائے جائیں گے۔
منصوبے کو پانچ مختلف حصوں میں مکمل کیا گیا، جن میں جی ٹی روڈ تا بخاری روڈ، بخاری چوک تا مصری موڑ، مصری موڑ تا پنن والا جلالپور، پنن والا تا پنڈ دادن خان اور پنڈ دادن خان تا للہ شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت 4.2 کلومیٹر طویل جلالپور بائی پاس، 3.98 کلومیٹر پنڈ دادن خان بائی پاس اور 185 چھوٹے پل تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ تین کلورٹس کی تکمیل کا کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ بخاری چوک سے مصری موڑ تک پانچ پل بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی کے ذریعے مواصلات کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے۔ صوبے میں پہلی مرتبہ 35 ہزار کلومیٹر طویل رابطہ سڑکوں پر کام ایک ریکارڈ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم ہونے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔ للہ جہلم روڈ کی تکمیل جہلم اور پنڈ دادن خان کے عوام کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔
[…] Share WhatsAppFacebookTwitterLinkedinPinterest لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں تیزی سے جاری ترقیاتی […]
[…] ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے وفد کو ادارے کی […]