کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین میں پنشن کے چیکس تقسیم کیے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم نے وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی سے ان کے دفتر میں ملاقات بھی کی، جس کے بعد سنڈیکیٹ ہال میں پنشن چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ پنشنرز کو ان کا حق دلانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی، آج انہیں پنشن ملتے دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے اور تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان جامعات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اساتذہ سمیت ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بھی پرعزم ہے۔ جامعہ بلوچستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے وزیر تعلیم کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پنشن کے اجرا کے لیے حکومتی کوششوں اور مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے جامعہ کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ وزیر تعلیم کے تعاون سے ادارے کے تعلیمی اور تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
تقریب میں رجسٹرار جامعہ بلوچستان ڈاکٹر شریف حسنی، ٹریژرر عمران حسین، دیگر سینئر افسران اور پنشنرز نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر پنشنرز نے پنشن کی ادائیگی کے لیے وزیر تعلیم اور وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
[…] سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ان کی آئیڈیل شخصیات […]