مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر کنڈاوا پوسٹ کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے قومی شاہراہ N-25 پر کنڈاوا پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔
دھماکے سے قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے میں کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد شہید ہوگئیں، جبکہ تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والے شہریوں میں 63 سالہ عبد الحق، 21 سالہ محمد اکرام، 35 سالہ محمد رمضان، 3 سالہ محمد سنان، 21 سالہ تانیہ، 23 سالہ منزہ، 25 سالہ بی بی حسینہ، 45 سالہ زاہدہ، 18 سالہ فائزہ گل، 35 سالہ شاہینہ، 12 سالہ شہلیزہ، 22 سالہ معراج اور 36 سالہ بی بی سیدہ شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی یہ کارروائی بلوچستان کے عوام کے خلاف ان کے عزائم کی عکاسی کرتی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے بڑے حملے کو ناکام بنایا۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔