Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان کی چراگاہوں کے مستقبل کے لیے بڑا فیصلہ، 2035 تک کی نئی پالیسی تیار کرنے کا اہم اقدام

کوئٹہ: (رپورٹ) بلوچستان کی قدرتی چراگاہوں کے تحفظ، بحالی اور پائیدار انتظام کے لیے رینج لینڈ پالیسی 2026-2035 کی تیاری میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، پالیسی کے مسودے کی تکنیکی توثیق کے لیے صوبائی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام اور یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری ری وائیول آف بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام (RBWRP-TA) کے اشتراک سے منعقدہ ورکشاپ میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین اور متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل آف فاریسٹس، وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر معظم نظامی تھے۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی چراگاہوں کا پائیدار انتظام، قدرتی وسائل کا تحفظ اور متاثرہ چراگاہوں کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پالیسی سازی میں تکنیکی مشاورت اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات ذوالفقار کرار، چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ، پروگرام کے ٹیم لیڈر جیلے بیکما، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس محمد اسلم بزدار، رینج لینڈ کنسلٹنٹ محمد یوسف خان سمیت دیگر ماہرین نے پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر اپنی تجاویز پیش کیں۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی چراگاہیں نہ صرف قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ ہزاروں دیہی اور چرواہا خاندانوں کے روزگار کا بھی بنیادی ذریعہ ہیں، اس لیے ان کے تحفظ اور انتظام کے لیے سائنسی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں۔

ورکشاپ میں پیش کی گئی سفارشات کی روشنی میں پالیسی مسودے کو مزید بہتر بنانے کے بعد قانونی جانچ اور منظوری کے لیے متعلقہ حکومتی فورمز کو بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان رینج لینڈ پالیسی 2026-2035 کا یہ اقدام بین الاقوامی سال برائے چراگاہیں اور چرواہے 2026 کے تناظر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] Nov 21, 2026 Share WhatsAppFacebookTwitterLinkedinPinterest  دکی: بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس کے باعث دم […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More