Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ایف بی آر کو چار ماہ میں 129 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، جولائی سے اکتوبر تک ٹیکس وصولیوں میں 129 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے جولائی تا اکتوبر 4 ہزار 88 ارب 20 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا، جبکہ اس مدت کے لیے 4 ہزار 217 ارب روپے وصولیوں کا ہدف مقرر تھا۔ تاہم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ٹیکس وصولیوں میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جون 2027 تک 15 ہزار 264 ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ایف بی آر کو 17 فیصد شرح نمو برقرار رکھنا ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر کے دوران ٹیکس وصولیاں ایک ہزار 2 ارب روپے رہیں، جبکہ 31 اکتوبر کو آخری روز مزید 27 ارب روپے جمع کیے گئے۔ ایف بی آر کو 31 اکتوبر تک 76 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے۔

دوسری جانب ریٹیلرز فکسڈ ٹیکس اسکیم بھی خاطر خواہ نتائج دینے میں ناکام رہی۔ حکام کے مطابق 36 لاکھ ممکنہ نان فائلر خوردہ فروشوں میں سے صرف 1750 نے اسکیم کے تحت رجسٹریشن کرائی، جبکہ محض 220 نئے ٹیکس دہندگان نے اپنے گوشوارے جمع کروائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے ریٹیلرز اسکیم کے ذریعے 50 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کر رکھا تھا۔

حکام کے مطابق ٹیکس نیٹ سے باہر نان فائلرز کے خلاف جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے تحت پہلے ماہ 10 ہزار، دوسرے ماہ 25 ہزار اور تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جا سکے گا۔

ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے والے خوردہ فروشوں کے کاروباری مراکز سیل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More