Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت کی فراہمی، وفاقی حکومت تمام اخراجات برداشت کرے گی: چیئرمین نیوٹیک

 کوئٹہ: چیئرمین نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) انجینئر قمر الاسلام راجا نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ان کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے وفاقی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، جبکہ ہنر مندی کے فروغ کے لیے فنڈز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔

چیئرمین نیوٹیک نے گزشتہ روز کوئٹہ کے دورے کے دوران ویمن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک محترمہ نادیہ کریم سہو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی، سیکریٹری محنت و افرادی قوت صالح محمد ناصر اور ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالقیوم زرکون نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران چیئرمین نیوٹیک کی مشیر وزیراعلیٰ سردار بابا غلام رسول عمرانی سے ملاقات ہوئی، جس میں بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے، بی ٹیوٹا کے اشتراک سے تربیتی پروگراموں کو وسعت دینے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ادارے کی پرنسپل میڈم شبنم ناز نے چیئرمین نیوٹیک اور دیگر مہمانوں کو ادارے کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں، کارکردگی اور فراہم کردہ سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں انجینئر قمر الاسلام راجا نے زیر تربیت طالبات سے ملاقات کی اور ان سے تربیتی پروگراموں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں براہِ راست گفتگو کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیوٹیک نے کہا کہ دورہ کوئٹہ کا بنیادی مقصد بلوچستان کے مقامی حالات اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فنی تربیت کے پروگراموں کو مزید مؤثر بنانا اور ان کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔ وزیراعظم پاکستان اور ریاست کی پالیسی ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری ہنر سکھا کر انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ بلوچستان میں ہنر مندی کے فروغ کے لیے فنڈز اور وسائل کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ کوششوں سے صوبے میں ہنر مندی کے فروغ کے لیے ایک نئی جدوجہد کا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔

انجینئر قمر الاسلام راجا کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبے کے اندر موجود بہترین سرکاری اور نجی تربیتی اداروں میں تربیت فراہم کرنے کے ساتھ پنجاب، اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں قائم اعلیٰ معیار کے اداروں سے بھی استفادہ کرنے کے مواقع دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تربیت کے لیے دیگر شہروں میں جانے والے تمام طلبہ و طالبات کے رہائش، کھانے پینے، سفری اخراجات اور دیگر ضروری انتظامات حکومت پاکستان برداشت کرے گی تاکہ نوجوان بلا کسی مالی پریشانی کے اپنی فنی تعلیم اور تربیت مکمل کر سکیں۔

دورے کے اختتام پر مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمر الاسلام راجا اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی فنی تربیت اور ترقی کے لیے وفاقی سطح پر کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک ڈاکٹر حسین بخش مگسی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More