کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں انصاف کی بروقت فراہمی عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے اور اداروں کی ساکھ بہتر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ جب کسی مستحق سائل کو میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق بروقت انصاف ملتا ہے تو یہ نہ صرف اس فرد کیلئے اطمینان کا باعث بنتا ہے بلکہ ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب کو مختلف سرکاری محکموں کے خلاف موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات کی ہفتہ وار سماعت کے دوران کیا۔
صوبائی محتسب کے ادارے کو مزید فعال بنانے کی ضرورت
گورنر بلوچستان نے اس امر پر زور دیا کہ عوام کو سستا، فوری اور قابلِ رسائی انصاف فراہم کرنے کی خاطر صوبائی محتسب کے ادارے کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو شکایات کے اندراج، جانچ پڑتال اور فیصلوں کے عمل کو مزید تیز کرنا چاہیے تاکہ عام شہریوں کو اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے طویل اور مہنگے قانونی مراحل سے نہ گزرنا پڑے۔
ہر قسم کی بدعنوانی اور بے ضابطگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ گورنر نے واضح کیا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو درپیش مسائل کا بروقت حل اور ان کے جائز حقوق کا تحفظ ہونا ضروری ہے۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر معاشرے کے غریب اور نادار طبقات کیلئے ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہیں پہلے ناانصافی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعدازاں طویل قانونی کاروائیوں کے باعث مالی مشکلات اور ذہنی اذیت سے گزرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے کمزور طبقات اکثر وکلا کی بھاری فیسیں برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اس لیے ان کی داد رس ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔
گورنر نے وضاحت کی کہ گورنر ہاؤس کے شکایات سیل کے ذریعے ہفتہ وار سماعت کا یہ طریقہ کار ایک نیم عدالتی فورم (کوائزی کورٹ) کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد شکایات کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق ان کے حل کی راہ ہموار کرنا اور متاثرہ شہریوں کو مؤثر ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اجلاس کے آخر میں انہوں نے گورنر ہاؤس کی ٹیم، بالخصوص ایڈیشنل سیکرٹری گورنر سیکرٹریٹ عبدالغفور کاکڑ کی کوششوں کو سراہا اور عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے ان کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
[…] بلوچستان اسمبلی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے […]