Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

نوجوانوں کا مستقبل پہاڑوں پر نہیں بلکہ کھیلوں کے میدانوں اور پُرامن پاکستان سے وابستہ ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

 کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل پہاڑوں پر نہیں بلکہ کھیلوں کے میدانوں، روزگار کے مواقع اور ایک پُرامن پاکستان سے وابستہ ہے۔ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیل کر ان کے ہاتھوں میں بندوق تھمائی گئی، تاہم صوبائی حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں “آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ” کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فائنل جیتنے والی افغان کلب سمیت فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں بھی دیں۔

تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد رکھے جائیں گے

 

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج صوبے کے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت بلوچستان کے تمام اضلاع میں بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد کرے گی تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بھرپور مواقع میسر آسکیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کا مستقبل دہشت گردی اور تشدد میں نہیں بلکہ تعلیم، کھیل، روزگار اور پُرامن معاشرے کی تعمیر میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک مخصوص اور گمراہ کن بیانیے کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو ریاست سے دور کرکے ان کے ہاتھوں میں بندوق تھمائی گئی اور انہیں ایک ایسی جنگ کا حصہ بنایا گیا جس سے انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ریاستی نمائندے عوام کے درمیان نہیں جا سکتے، لیکن آج ہم عوام کے درمیان موجود ہیں اور نوجوانوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو کھیلوں، مثبت سرگرمیوں اور خوشیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اکٹھا کرتی ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر لوگوں کو اکٹھا کرکے شہروں پر حملوں اور تشدد کی راہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو کھیلوں اور تفریحی میلوں کے لیے جمع کیا جانا چاہیے، نہ کہ وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کے لیے۔

صادق شہید فٹبال گراؤنڈ اور اس کے قریب واقع فیملی پارک کی خستہ حالی کی نشاندہی پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر موجود صوبائی وزیر کھیل کو دونوں مقامات کی فوری تزئین و مرمت کے احکامات جاری کیے تاکہ کھلاڑیوں اور شہری خاندانوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ آخر میں وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
5 تبصرے
  1. […] سرفراز بگٹی نے بتایا کہ میرٹ پر کنٹریکٹ اساتذہ کی شفاف بھرتیوں کی بدولت بلوچستان کے 99 فیصد سکول فعال ہو چکے ہیں اور ان کنٹریکٹ ملازمین کے لیے پنشن سکیم بھی متعارف کروائی جا رہی ہے۔ […]

  2. […] جامعات کے لیے 10 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ کی فراہمی اور بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے ذریعے ہر سال 20 ہزار سے […]

  3. […] اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں بھی کردار ادا […]

  4. […] میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More