تہران: ایرانی پارلیمنٹ نے مہرداد اخلاقی کی بطور وزیر دفاع اور مسلح افواج کی لاجسٹکس کے وزیر تقرری کی منظوری دے دی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ان کے حق میں 237 ووٹ ڈالے گئے، جبکہ 15 ارکان نے مخالفت کی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے 5 اکتوبر کو مہرداد اخلاقی کو وزارت دفاع کے لیے نامزد کیا تھا، جس کی پارلیمنٹ نے توثیق کردی۔
منظوری کے بعد ایران کے نئے وزیر دفاع نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کا بھرپور اور حیران کن جواب دیا جائے گا۔
مہرداد اخلاقی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکی افواج کو بحفاظت خطے سے نکالنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے دھمکی آمیز انداز میں خبردار کیا کہ اگر ایران پر دوبارہ بمباری کی گئی تو امریکی فوجیوں کی لاشیں تابوتوں میں واپس جائیں گی۔
ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر نے ایران کو دی گئی دھمکیوں پر عمل کیا تو انہیں اس کے نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کے علاقائی اور عالمی نتائج کی ذمہ داری امریکا اور اس کے اتحادیوں پر عائد ہوگی۔
مہرداد اخلاقی نے دعویٰ کیا کہ 12 روزہ جنگ کے بعد ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق بدلتے ہوئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ مہرداد اخلاقی نے سابق وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، جو تہران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگئے تھے۔
[…] نے کہا کہ اسرائیل میں ہونے والے انتخابات کے نتائج سے خطے کی موجودہ […]
[…] کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ امریکا کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے […]