لاہور: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے ہماری وفاداری غیر مشروط ہے، بلوچستان کے حقیقی مسائل اور عوامی محرومیوں کو اجاگر کرنا ضروری ہے، تاہم ان مسائل کو بنیاد بنا کر تشدد اور علیحدگی پسندانہ سرگرمیوں کا جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
لاہور میں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کو اس وقت تین بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں تشدد کو جائز قرار دینے والا بیانیہ، مسلح دہشت گردی اور سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی شامل ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے برابر کے شہری ہیں اور صوبے کے حقیقی مسائل، احساس محرومی اور ترقیاتی ضروریات کو سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بعض حلقے پسماندگی اور محرومی کو مسلح تشدد سے جوڑ کر گمراہ کن بیانیہ پھیلا رہے ہیں، جس سے حقائق متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی محرومی یا سیاسی اختلاف کو تشدد کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ مبصرین اور تجزیہ کاروں کو بلوچستان کے حالات پر بات کرتے ہوئے حقائق کو سامنے رکھنا چاہیے اور تشدد کو قابل قبول بنانے سے گریز کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد مسلح جتھوں کی صورت میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دہشت گردی انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ بلوچستان کی ترقی، معاشی سرگرمیوں اور تعلیمی مستقبل کے لیے بھی سنگین رکاوٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو اختلاف رائے اور سیاسی مطالبات پیش کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن بندوق کے زور پر اپنی سوچ دوسروں پر مسلط کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بلوچستان کے مسائل کا حل تعلیم، مکالمے، سیاسی عمل اور جمہوری رویوں میں ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا کو بھی ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو گمراہ کن معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا سامنا ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں اور دعوؤں کو تحقیق اور حقائق کی بنیاد پر پرکھیں۔ جامعات کا کام صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ باشعور اور ذمہ دار شہری تیار کرنا بھی ہے۔
انہوں نے یو ایم ٹی کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے سالانہ ایک ارب روپے فراہم کرنا بین الصوبائی تعاون اور قومی یکجہتی کی قابل قدر مثال ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت بلوچستان بھی 80 فیصد سے زائد طلبہ کو 80 فیصد اسکالرشپ پر تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ مالی مشکلات کسی باصلاحیت نوجوان کی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، انہیں معیاری تعلیم، جدید مہارتوں اور یکساں مواقع فراہم کرکے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ نوجوانوں پر تعلیمی سرمایہ کاری دراصل بلوچستان اور پاکستان کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے فارغ التحصیل طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ گریجویشن عملی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ مسلسل محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔
آخر میں میر سرفراز بگٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
[…] بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اس اہم اقدام کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ویکس نیٹ جیسی نمائشیں خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط قائم کرنے اور قومی و عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ […]
[…] کی انتظامیہ نے نئی بس کی فراہمی پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سیکریٹری ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن […]