جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2026-2030 پر عملدرآمد، کراچی میں اہم تعلیمی و تحقیقی اداروں سے شراکت داری پر بات چیت
تربت: جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2026-2030 پر عملدرآمد کے سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے گزشتہ دنوں کراچی میں اعلیٰ تعلیمی، تحقیقی اور ریگولیٹری اداروں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد خطے میں مصنوعی ذہانت (AI)، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیرامیڈیکل تعلیم کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی شراکت داری کو مضبوط بنانا تھا۔
دورے کے دوران وائس چانسلر نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PNMC) کے صدر ڈاکٹر سید علی فرحان رضی سے ملاقات کی، جس میں جامعہ تربت کے زیر انتظام یونیورسٹی میڈیکل اینڈ نرسنگ کالج کے قیام کے لیے ریگولیٹری فریم ورک اور قانونی ضوابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں طبی اور الائیڈ ہیلتھ کے شعبوں میں ماہرین اور تکنیکی عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے خطے میں معیاری اور مستند نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ کالج کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے جامعہ تربت کے اس وژن کو سراہتے ہوئے ایکریڈیٹیشن، نصاب کی تیاری اور کلینیکل ٹریننگ سمیت متعلقہ امور میں کونسل کی جانب سے مکمل تعاون اور فنی رہنمائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وائس چانسلر نے ملینیئم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ (MiTE) اور جامعہ کراچی کا بھی دورہ کیا، جہاں ممتاز ماہرین تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں میں MiTE کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، تھل یونیورسٹی بھکر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ایجنسی (HEC) ڈاکٹر ناصر شاہ، ڈی جی ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی سلیمان احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ثناء اللہ میمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز بھی شریک تھے۔
ان ملاقاتوں کے دوران تدریسی اور تحقیقی تعاون کو وسعت دینے، اساتذہ اور طلبہ کے لیے سمسٹر ایکسچینج پروگرامز متعارف کرانے، انٹرن شپ کے مواقع پیدا کرنے، مشترکہ تحقیقی مقالہ جات شائع کرنے اور قومی و بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ فیکلٹی اور انتظامی عملے کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر MiTE کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جس پر وائس چانسلر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
جامعہ تربت کی جانب سے کی جانے والی ان ملاقاتوں کو اسٹریٹجک پلان کے تحت تعلیمی معیار بہتر بنانے، تحقیقی روابط مضبوط کرنے اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے جدید تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا۔
[…] تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے […]